عید الفطر اور آئمہ اہل بیت ع
» عید الفطر اور آئمہ اہل بیت ع
امام علی علیہ السلام نے عید کے موقع پر فرمایا :
” عید صرف اس کےلیے ہے جس کے روزوں کو اللہ نے قبول کیا ہو اور اس کے قیام ( نماز) کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہو اور ہر وہ دن کہ جس میں اللہ کی معصیت نا کی جائے عید کا دن ہے”.
نہج البلاغہ حکمت نمبر ۴۲۷

—————–
امام زین العابدین علیہ السلام سے عید الفطر کے موقع پر ایک دعا منقول ہے:
امام ع نے فرمایا:
"اللَّهُمَّ إِنَّا نَتُوبُ إِلَيْكَ فِي يَوْمِ فِطْرِنَا الَّذِي جَعَلْتَهُ لِلْمُؤْمِنِينَ عِيداً وَ سُرُوراً
اے اللہ ! ہم اس روز فطر میں جسے تو نے اہل ایمان کےلیے ” عید و مسرت (خوشی) کا روز اور اہل اسلام کےلیے اجتماع و تعاون کا دن قرار دیا ہے
صحیفہ سجادیہ دعا ۴۵ ، دعا وداع ماہ رمضان

—————–
جابر بن یزید جعفی نے امام محمد باقر ع سے اور انہوں نے اپنے والد امام زین العابدین علیہ السلام سے نقل کیا ہے کہ
” شوال کی پہلی تاریخ ( عید الفطر) کو ایک منادی ندا دیتا ہے کہ اے اہل ایمان ! اپنے اپنے انعامات لینے کے لیے چلو ۔اس کے بعد امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا: اللہ کا انعام بادشاہوں کے انعام کی طرح کا نہیں ہے”.
پھر فرمایا : یہ دن انعام کا دن ہے
من لا یحضرہ الفقیہ ج ۲ ح ۲۰۶۲

——————-
عید کے دن زینت کرنے کا حکم :
♦️پہلی روایت
شیخ الطبرسی ؒ نے اپنی تفسیر میں سورہ اعراف آیت 31
«خُذُوا زِينَتَكُمْ عِنْدَ كُلِّ مَسْجِدٍ»
( ہر عبادت کے وقت اپنی زینت(لباس )کے ساتھ رہو)
اس کے ذیل میں قول امام ع نقل کرتے ہیں
أي خذوا ثيابكم التي تتزينون بها للصلاة في الجمعات و الأعياد عن أبي جعفر الباقر (ع)
امام محمد باقر ؑ نے فرمایا : اپنے وہ مخصوص کپڑے پہنو جن سے تم اپنے جمعوں اور عیدوں میں زینت حاصل کرتے ہو
مجمع البيان فى تفسير القرآن ج ۴ – ص – ۱۸۳

—————–
♦️ دوسری روایت :
قال في العيدين و الجمعة يغتسل و يلبس ثيابا بيضا
فرمایا: دونوں عیدوں اور جمعہ کے دن ٖغسل کرو اور سفید لباس زیب تن کرو
تفسير القمي ، ج ۱ – ص ۳۳۶

—————-
تیسری روایت:
مُحَمَّدُ بْنُ يَعْقُوبَ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ يَحْيَى،عَنْ أَحْمَدَ بْنِ مُحَمَّدِ بْنِ عِيسَى،عَنِ الْحُسَيْنِ بْنِ سَعِيدٍ، عَنْ فَضَالَةَ ابْنِ أَيُّوبَ،عَنِ ابْنِ سِنَانٍ،عَنْ أَبِي عَبْدِ اللَّهِ (عَلَيْهِ السَّلاَمُ) ،فِي قَوْلِ اللَّهِ عَزَّ وَ جَلَّ: خُذُوا زِينَتَكُمْ عِنْدَ كُلِّ مَسْجِدٍ ،قَالَ: فِي الْعِيدَيْنِ وَ الْجُمُعَةِ
امام جعفر صادق ع نے آیت خُذُوا زِينَتَكُمْ عِنْدَ كُلِّ مَسْجِدٍ (ہر نماز کے وقت زینت اختیار کرو )کے متعلق فرمایا کہ عیدین اور جمعہ (یعنی اس زینت کا تعلق دو عیدوں اور یوم جمعہ سے ہے )
فروع کافی – ج ۲ – ص ۲۲۳

نوٹ : کیا یہاں سفید لباس کے ساتھ زینت کرنے کا حکم خود ائمہ ؑ نے نہیں دیا ؟
جب ائمہ ع ان ایام کو خوشی اور مسرت کا دن قرار دے رہے ہیں تو یہ کون لوگ ہیں جو خود کو ائمہ ع سے زیادہ ائمہ ع کا محب تصور کرتے ہیں
امام رضا علیہ السلام کا نماز عید کا اہتمام
امام رضا علیہ السلام کو جب مامون الرشید کی جانب سے عید الفطر کی نماز پڑھانے کا کہا گیا تب آپ ع نے نماز عید کا اہتمام فرمایا
آپ ع نے غسل فرمایا ، اپنا لباس پہنا، سفید عمامہ سر پر رکھا ، اس کا ایک شملہ اپنے سینے کے درمیان اور دوسرا دونوں کاندھوں کے درمیان ڈالا ، کچھ مقدار خوشبو لگائی، عصا ہاتھ میں لیا ، اور اپنے غلاموں سے فرمایا کہ تم بھی ایسا کرو جیسا میں نے کیا ہے
احسن المقال ، ج ۲ ، ص ۱۴۱

Post by : Syed Ali Haider Sherazi